کوئٹہ: مسلم ہینڈ ز کے ریجنل منیجر ملک نعیم نے کہا ہے کہ مسلم ہینڈز کی جانب سے 1993سے غریب اور نادار افراد کی امداد کا سلسلہ جاری ہے رواں سال صوبے کے 1500 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائیگا میڈیا ورکرز معاشرہ کے اہم اور سفید پوش طبقہ ہیں جنکی امداد کر کے مسلم ہینڈز نے اپنا فریضہ ادا کیا ہے، یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں 150مستحق میڈیا ورکرز میں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، سابق صدر پریس کلب رضا الرحمن ، جنرل سیکرٹری بنارس خان، ترکی کے فلاحی ادارے ــ’’دیانت‘‘ کے کورآرڈینیٹر فائوت سمیت دیگر بھی موجود تھے، ملک نعیم نے کہا کہ مسلم ہینڈز کی جانب سے اس سال صوبے کے مختلف اضلاع میں 1500 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائیگا مسلم ہینڈز مستقل طور پر زیارت کے 14گائوں میں فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
اسی طرز پر پشین میں بھی منصوبہ شروع کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سے بڑی کوئی خدمت نہیں ہے مسلم ہینڈز 1993سے 30ممالک میں فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے اس سلسلے صحت، تعلیم، ہنگامی حالات، افطار، قربانی، پانی کی فراہمی سمیت دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مخیر حضرات مسلم ہینڈز کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں ۔
اور فلاحی کاموں میں اپنا کردار ادا کرسکتے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترکی کے فلاحی ادارے ــ’’دیانت‘‘ کے کورآرڈینیٹر فائوت نے کہا کہ دیانت مسلم ہینڈز سمیت تین فلاحی اداروں کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے بلوچستان کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے ترکی نے پاکستان اور بلوچستان کا دوست ہونے کے ناطے یہاں فلاحی کاموں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
اس سلسلے میں 500مستحق خاندانوں کو دیانت کی طرف سے راشن فراہم کیاجائیگا ساتھ ہی صوبے میں پانی کی قلت کا ادراک کرتے ہوئے مسلم ہینڈز کے اشتراک سے لورالائی ، خضدار، جعفرآباد میں پانی کی ٹینکیاں فراہم کی گئیں ہیں جبکہ پینے کے پانی کے کنویں بھی بنائے جائیں گے ۔