سبی: بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے آج یہاں سبی میں دودھ فروشوں کی مختلف دکانوں پر چھاپہ مارا اس دوران اتھارٹی کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر سبی ثناء ماہ جبین عمرانی اور تحصیلدار نصیراحمد ترین بھی موجود تھے چھاپے کے دوران دودھ چیک کیا گیا تو شکور ملک شاپ کی دکان میں کیمیکل ثابت ہونے پر سینکڑوں لیٹر دودھ تلف کر کے دکان کو سیل کر کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنر سبی ثناء ماہ جبیں عمرانی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دکاندار کو قطعا اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنے کچھ منافع کی خاطر لوگوں کی زندگیوں کو خطرے سے دوچار کریں ایسے عناصر انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ماہ رمضان کے اس بابرکت مہینے میں بھی تاجروں میں ایسی کالی بھیڑیں موجود ہیں جو اس قسم کی گھناؤنی حرکات میں کسی قسم کا ججھک محسوس نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔