کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے پائیدار امن کا قیام بنیادی شرط ہے۔ ملک و صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کلیدی کردار ہے ۔
گورنر یاسین زئی نے کہا کہ موجودہ حکومت سرحدی تجارت کے حوالے سے مقامی تاجر برادری کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر کے تاجروں اور صنعت کاروں کیلئے نئے تجارتی امکانات پیدا کرنے کی بھرپور کاوشیں کر رہی ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینٹر میر عبدالروف کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات کے دوران خطے میں رونما ہونے والی معاشی تبدیلیوں، ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی تجارت کے نئے امکانات اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے بھرپور استفادہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر یاسین زئی نے کہا ہمیں احساس ہے. عالمی وبا کوویڈ-نائنٹین کی وجہ سے کاروباری اور تجارتی مراکز پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
زندگی کے تمام شعبوں بالخصوص بلوچستان کی مقامی تاجر برادری بہت زیادہ متاثر ہوچکی ہے تاہم حکومت تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کی بحالی اور معاشی استحکام کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
میر عبدالروف رند نے گورنر بلوچستان کو پاک ایران سرحدی تجارت کے حوالے سے مقامی تاجروں کو درپیش مسائل ومشکلات آگاہ کیا جس پر گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔