کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سلیکٹیڈ وفاقی اور پنجاب حکومتیں ملک کے حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہیں وفاقی اور پنجاب حکومت ملک کو انارکی کی طرف لے جارہی ہے سیا سی کارکنوں پر فائرنگ پنجاب حکومت کی بزدلانہ اور احمقانہ کارروائی ہے بزدل حکمرانوں کا اپنے ہی نہتے شہریوں پر روزے کی حالت میں فائرنگ کرنا افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔
تمام واقعات کا جائزہ لینے کیلئے عدالتی کمیشن بنایا جائے اور تمام سیا سی اور مذہبی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو قوم پر مسلط کیا گیا ہے جن میں شرم وحیا نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں مسجد اور انسانیت کی تقدس کو پامال کیا گیا یہ واقعہ ریا ست مدینہ کا دعوی کرنے والوں پر طمانچہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے یہودی لابی کی حکومت نے ہمیشہ اسلام مخالف کردار ادا کیا ہے جب سے ملک پر سلیکٹیڈ حکومت کو مسلط کیا ہے ملک بحرانوں کا شکار رہا ہے اور ملک کو چلانے کیلئے عوامی اور سیا سی حکومت ہونی چاہئے مگر بدقسمتی سے ملک میں ایسے صورتحال نظر نہیں آرہی تمام سیا سی اور مذہبی جماعتوں کو اس حوالے سے اپنا کردار اد اکرنا ہو گا ۔
اگر وفاقی اور پنجاب حکومت نے مسائل کا حل نہیں نکالا تو جمعیت علما اسلام اس بارے میں بھر پور احتجاجی تحریک شروع کرے گی ، عید کے بعد ویسے بھی حکومت کے خاتمے کیلئے لانگ مارچ شروع کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومت نہیں ہے تمام ترقیاتی امورٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں جمعیت علما اسلام کے کارکن عید کے بعد لانگ مارچ کیلئے تیاریاں تیز کریں۔