کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے بہتر طرز حکمرانی کو وزیر اعلیٰ کے وژن کا اہم حصہ اور موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو حکومت کی گڈ گورننس اسٹریٹیجی پر عملدرآمد کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہمہ جہت اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
صوبائی حکومت کی گڈ گورننس اسٹریٹیجی پر عملدرآمد کے حوالے سے بیو رو کریسی اور ضلعی انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اس کو مزید بہتر اور موثر بنانے کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کو بہتر انداز میں کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ماہ رمضان کے تناظر میں بہتر طرز حکمرانی حکمت عملی پر عملدرآمد کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وبا کی مشکل صورتحال کے باوجود رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے جن کو یقینی بنانے کے لئے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا کردار سب سے اہم ہے۔
لہٰذا وہ رمضان کے دوران تمام اشیائے ضروریہ کی ہمہ وقت دستیابی قیمتوں پر کنٹرول، مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام، لوگوں کو اشیائے خوردنوش کی سستے نرخوں پر فراہمی، امن و امان، کو یقینی بنانے اور معاشرے کے کمزور اور نادار طبقوں کا خصوصی خیال رکھنے کے لئے۔
صوبائی حکومت کی اسٹریٹیجی پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان رابطے کا موثر نظام وضع کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اضلاع کی انتظامیہ رمضان کے دوران عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔