|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت زمینداروں کے زرعی فیڈرز پر بجلی کی بندش ،سبسڈی کی رقم اور لائیواسٹاک وزراعت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت قمبر دشتی ،سیکرٹری خزانہ ،جنرل منیجر کیسکو، ڈائر یکٹرکمرشل کیسکو، زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ورکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی ، جنرل سیکرٹری عبدالرحمن بازئی ،کاظم خان ،حا جی جبارکاکڑ۔

حاجی افضل دشت،حاجی نوراحمد،یوسف بنگلزئی ،سید جبار آغا ودیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ کیسکو حکام سبسڈی کی عدم ادائیگی پر زرعی فیڈرز کی بجلی منقطع نہیں کرینگے تاہم سبسڈی سے متعلق کیسکو حکام چیف سیکرٹری کو اعتماد میں لیکر زرعی فیڈرز سے متعلق فیصلہ کرینگے ،28اپریل کو دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں حکومت بلوچستان کے ذمے زرعی فیڈرز کی سبسڈی کی رقم کا تعین کیاجائیگا۔

جبکہ زمینداروں کے ذمے بجلی بلوں کیلئے میکنزم بنایاجائے گا جس کے تحت بعض فیڈرز پر میٹرز نصب کرکے تجرباتی بنیادوں پر رقم کا تعین کیاجائے گا۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے زمینداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ زرعی فیڈرز سے متعلق بلوں کو ماہوار بنیادوں پر ادائیگی یقینی بنائیں ۔

لائیو اسٹاک ،زراعت سے متعلق سفارشات مرتب کئے گئے جس میں زیتون، انگور سمیت دیگر کم پانی والے بیج پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ہم زیادہ سے زراعت زراعت کے شعبے کو فعال بنا کر زمینداروں کو سہولیات سے مستفید کریں ۔