|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور کراچی میں دفاتر کا قیام ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم ثابت ہوا ہے، ان سہولتی مراکز کے ذریعہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبائی حکومت کی سرمایہ کار پالیسی کے تحت فراہم کی جانے والی ترغیبات سے آگاہ کیاجا رہا ہے اور بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقوں کی معلومات اور رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری کے مواقعوں کی سرزمین ہے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزا ئی کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے جس کیلئے سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو انکی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اور آسانیاں فراہم کرنا ضروری تھا۔

اسلام آباد اور کراچی کے دفاتر سے ملکی سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ویزا، سیکورٹی، این او سی، رجسٹریشن اور ٹریولنگ سمیت تمام سہولیات اور معلومات مہیا کی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ملک کاپہلا صوبائی سرمایہ کاری بورڈ ہے جس نے اس طرح کا اقدام کیا ہے،اسلام آباد مرکز کے قیام کے بعد سے بین الاقوامی برادری،بزنس کمیونٹی، سفارتی مشنزکیساتھ قریبی رابطہ قائم ہوا ہے۔

جبکہ سی پیک اتھارٹی اور فیڈرل بی اوآئی ٹی سمیت اہم وفاقی اداروں کیساتھ قریبی اور موثر کوآرڈینیشن عمل میں آیاہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے باعث کراچی میں دفتر کے قیام سے بھی بہت فوائد حاصل ہو رہے ہیں، ان اقدامات کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاروں کا بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بڑھ گیا ہے۔