|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے آج پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے اتھارٹی کے ہیڈآفس میں قائم کنٹرول روم کے مختلف شعبے دیکھیں ۔ موسم، بارشوں، برفباری اور رودکوہی کے بارے میں پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا معائنہ کیا ۔

اور پی ڈی ایم اے کے امداد ی سامان کیلئے مختص ڈیش بورڈ بھی دیکھا۔  وزیر داخلہ نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں مختلف محکموں کے فوکل پرسنز سے ان کے فرائض کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر اور ڈائریکٹر ایڈمن پی ڈی ایم اے  نے مختلف امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے پی ڈی ایم اے کے ہیڈ آفس میں اجلاس کی صدارت بھی کی۔

جس میں فیصلہ ہو اکہ اضلاع میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے۔  وزیر داخلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مقصد ہی مصیبت، آزمائش اور مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کی مدد کرنا اور مشکل سے نکالنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھائیں گے۔ اور پی ڈی ایم اے کو درکار وسائل کی فراہمی کی ذمہ داری پوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رودکوہی و دیگر قدرتی آفات کی پیش گوئی کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔