|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سلیکٹیڈ حکومت نے مذہبی جماعت کے ساتھ تحریری معاہدہ کیا تھا کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے گا اس معاہدے پر وفاقی وزراء کے دستخط بھی موجود ہیں اس کے باوجود بھی معاہدے سے انحراف قابل مذمت عمل ہے ، لاہور کے واقعہ کے ذمہ دار پنجاب حکومت ہے بزدار کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔

ان واقعات پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلی پنجا ب کو مستعفی ہونا چاہیے ، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جمہوری اقدار کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے ، سلیکٹیڈ حکمرانوں نے ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیل دیا ہے موجودہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری عمران نیازی اور ان کے حکومت پر عائد ہوتی ہے ، عید کے بعد بلوچستان حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت کے کارکنوں اور عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ اگر سلیکٹیڈ حکمرانوں نے ہنگامی اجلاس بلا کر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی زحمت تک گوارہ نہیں کی ، اس وقع ملک انتہائی خطرناک صورتحال سے دوچار ہے ۔

ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی اور سرعام نہتے سیاسی کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تمام تر صورتحال اور بگاڑکی ذمہ داری نااہل وزیراعظم پر عائد ہوگی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کا یہ سوال کرنا حق بجانب ہے کہ حکومت نے 5ماہ کے دوران اپنا کیا گیا معاہدہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لایا اگر اس مسئلے پر پارلیمنٹ میں بحث کی جاتی تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوگی ۔