کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک ، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور سیاسی نا پختگی کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیل رہا ہے ریاست کا کام تمام فریقین کو سننا اور مسائل حل کرنا ہوتا ہے طاقت کے استعمال سے حالات مزیدخراب ہونے کے علاوہ کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا۔
حکومت یکسر طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کے معاملے میں حکومت نے غیر سنجیدیگی اور انتہائی غیر ذمہ درانہ طور پر کام کیا طاقت کااستعمال کرکے ملک کو انتشار کی جانب دھکیل دیاگیا حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج ملک سراسمیگی کے عالم ہے ہر طبقہ اپنے مستقبل اور حال کے لئے پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تحریک لبیک سے مذاکرات کرنے تھے تو ان پر پابند ی کیوں لگائی گئی حکومت نے جو مطالبات تسلیم کئے ہیں ان سے واضح ہوگیا ہے کہ ملک کی بھاگ دوڑ نا پختہ اور غیر ذمہ داروں ہا تھوں میں ہے جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت حساس مسئلہ ہے کوئی بھی مسلمان توہین رسالت برداشت نہیں کرسکتا ۔
وزیراعظم کا گزشتہ روز قوم سے خطاب انکی بے بسی کی دستان سنا رہا تھا انہیں چاہیے کہ وہ تمام مسلمان ممالک کو یکجا کر کے ایک مشترکہ لائحہ عمل تجویز کریں انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملک کو تباہی سے بچائے بصورت دیگر ملک میں حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں ۔