|

وقتِ اشاعت :   April 22 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مقامی ہوٹل کے پارکنگ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاگیا کہ ماہ مقدس رمضان المبارک میں اس طرح کے انسانیت سوز عمل نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ قابل گرفت عمل ہے ،حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو بنیادی آئینی ذمہ داری جان ومال کے تحفظ کی فراہمی یقینی بنائیں ۔

بیان میں کہاگیاہے کہ ایک صوبے کے دارالحکومت اور پھرریڈ زون جیسے علاقے جہاں ایک جانب صوبائی اسمبلی ، دوسری جانب صوبے کی اعلیٰ عدلیہ اور چند ہی فاصلے پر گورنر ہائوس ، وزیر اعلیٰ ہائوس ، سیکرٹریٹ ودیگر عوامی دفاتر وتجارتی مراکز موجود ہیں اور یہ ہوٹل جہاں ملکی وبین الاقوامی شہری ، سفارت کونسل کے ممبران ، وزراء ودیگر اہم لوگوں موجود ہوتے ہیں میں ایسا واقعہ رونما ہونا حکومت اور اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

صوبائی حکومت کی جانب سے سیکورٹی کے نام پر اربوں روپے تو خرچ کئے جاتے ہیں لیکن نتائج نہ ہونے کے برابر ہے عوام خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں ،بیان میں کہاگیاہے کہ ریڈ زون علاقے میں واقعہ تھری سٹار ہوٹل میں ایسا واقعہ حکمرانوں کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔

بدقسمتی سے حکمران صرف اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف ہے انہیں عوام کی جان ومال اور تحفظ سے کوئی سروکار نہیں ،آئے روز امن وامان کی بہتری کی دعویدار صوبائی حکومت کے دعوئوں کی یہ حالت ہے کہ ریڈزون جیسا علاقہ محفوظ نہیں تو پھر عام عوام کی کیاصورتحال ہوگی ،حکومت عوام کی جان ومال کو تحفظ دینے میں سنجیدہ نہیں اور نہ ہی حکومتی رٹ برقرار رکھ سکی ہے ،صوبے بھر میں پہلے بھی حکومتی رٹ کی کوئی شے نہیں تھی۔

لیکن گزشتہ روز ریڈ زون جیسے علاقے میں بم دھماکہ حکومت اور اداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید ہونیوالے افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی ہے اور حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ زخمیوں کو بہترعلاج ومعالجے کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔