|

وقتِ اشاعت :   April 23 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی سفیر کو فوری طورپر ملک بد رکیا جائے حضور اکرم ؓکی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،اگر سلیکٹیڈ اور نا اہل حکومت نے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر نہیں کیا تو تمام مذہبی اور سیا سی جماعتیں حکومت کے خلاف شدید احتجاج کریں گی ، شہباز شریف کی رہائی جمہوری قوتوں کی فتح ہے۔

اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ عید کے بعد سلیکٹیڈ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرے گی اور 26اپریل کو اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکین صوبائی اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے تمام کارکن عہدیدار اب سے لانگ مارچ کے سلسلے میں اپنے تیاریاں شروع کریں ، 26اپریل کوپی ڈی ایم کا اہم اجلاس ہوگا ۔

جس میں لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلے کیئے جائیں گے پی ڈی ایم ایک مضبوط قوت بن چکی ہے کسی کی جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں عمران نیازی کے خاتمے کے لئے لانگ مارچ کرے گی اور حکومت کے خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے خلاف بھی احتجاجی تحریک شروع کرینگے کیونکہ صوبے میں ناکام اور سلیکٹیڈ حکومت مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے ۔

یہ حکومت چین جیسے اچھے اور ہمسایہ ملک کے سفیر کو سیکورٹی فراہم نہیں کر سکتی اور حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے امن امان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے اگر حکومت کی کارکردگی بہتر ہوتی تو سرینا ہوٹل جیسا واقعہ رونما نہیں ہوتا حکومت اور ان کے ماتحت ادارے مکمل طورپر فیل ہوچکی ہے ۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کر دیا کہ ملک میں امن امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو تمام مذہتی اور سیا سی جماعتیں اس حوالے سے لائحہ عمل طے کرینگے۔