کوہلو: لیویز فورس نے کوہلو کی تحصیل کاہان کے علاقے سوراف نالہ میں کامیاب کارروائی کرکے صوبے کو بہت بڑی تباہی سے بچا لیا،لیویز لائن کوہلو میں ڈپٹی کمشنر کوہلو عمران ابرہیم بنگلزئی نے اسسٹنٹ کمشنر کوہلو عبدالستار مینگل نے پریس بریفنگ میں صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لیویز کیو آر ایف نے حساس اداروں کی اطلاع پر انچارج کیو آر ایف سبی زون رسالدار میجر شیر محمد مری کی سربراہی میں 9 گھنٹے طویل سرچ آپریشن کے بعد تخریب کاروں کے ٹھکانے پر زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے تخریبی کاروں کے مکروہ عزائم ناکام بنا دیئے ڈپٹی کمشنر کے مطابق تحصیل کاہان کے علاقے سوراف نالہ میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کرکے بڑی تعداد میں بھارتی ساختہ اسلحہ و گولا بارود برآمد کر لیا گیا ۔
دہشتگرد اسلحہ و گولا بارود صوبے میں بڑی تخریبی کارروائی میں استعمال کرنا چاہتے تھے،ڈپٹی کمشنر کا مزیدکہنا تھا کہ لیویز فورس سمیت سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر کے اور قربانیاں دے کر ضلع میں امن وامان کو برقرار رکھا ہے ۔برآمد اسلحہ و گولہ بارود میں ایم جی تھری گن1عدد،سکیل روند 500 عدد،مارٹر گن 1عدد،مارٹر روند1عدد،بی ایم 12 میزائل روند 25عدد،آر پی جی 7 روند 15عدد شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیویز فورس نے ہمیشہ جانفشانی اور دلیری سے کٹھن حالات کا مقابلہ کیا،خطے سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے لیویز فورس کی کاروائیاں جاری رہینگی۔ کامیاب کارروائی پر لیویز فورس کے جوانوں کے لئے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا گیا ۔