|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2021

کوئٹہ+اندرون بلوچستان: بارش برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔ اس دوران بلوچستان میں مختلف مقامات پر گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش اور چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو کوئٹہ سیمت صوبے کے مختلف اضلاع دالبندین ، قلات اور خضدار گرد و نواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

ادھر دالبندین میں بارش اور یک مچ میں طوفانی ہواوں سے آبنوشی اسکیم کی پلیٹیں ٹھوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز دالبندین اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سرگیشہ، گردی جنگل، چھہتر، چارسراورپدگ میں بھی بارش ہوئی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹھوٹنے لگا اور موسم کافی خوشگوار ہوا آمدہ اطلاعات کے یک مچ کے مقام پر طوفانی ہواوں کی وجہ سے آبنوشی اسکیم کی شمسی پلیٹیں گر کر ٹوٹ گئیں جس کی وجہ سے یک مچ میں فراہمی آب کا نظام درہم برہم ہونے لگا۔ جبکہ سیاہ جنگل کے مقام پر طوفانی ہواوں کے سبب بجلی کی تاریں ٹوٹ کر گر گئیں تاہم کیسکو کی امدادی ٹیم تاروں کی مرمت کے لیے روانہ کر دی گئی ہے ۔

قلات شہر و گردونواع کے علاقوں میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اطلاعات کیمطابق چھپر چھاتی پندران نیچارہ شیخڑی سمیت مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے کئی بندات بہہ گئے جبکہ قلات سے نیچارہ پندران جانے والی سڑک جرگی کے مقام پر سیلابی ریلہ کی وجہ سے ٹریفک معطل رہی، تاہم بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے جبکہ زمیندار طبقہ میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی حالیہ بارشیں فصلات کیلئے بھی مفید ثابت ہونگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں، زیارت، سبی، بارکھان، قلات، خضدار، ژوب، تربت اور دالبندین کے اضلاع میں آندھی / تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔