|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2021

کوئٹہ ; حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں 8مئی سے 16مئی تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے اس سلسلے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران تمام کاروباری اور تفریحی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی اور تمام ماکیٹیں، دکانیں، شاپنگ مالز سوائے اشیائے ضروریہ کی دکانوں میڈیکل سٹورز، ہسپتال، بلڈبینک، ڈیری، سبزی اور قصائی کی دکانوں کی بند رہیں گی، دوسری جانب بلوچستان کے تاجر تنظیموں نے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے جمعرات اور جمعہ کے علاوہ دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان نے 8مئی سے 16مئی تک صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کردیا ہے اس سلسلے میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں 9دن تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جس کے دوران تمام کاروباری اور تفریحی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز، جیولری، مہندی، کپڑوں کی دکانیں اور چاندرات بازار بند رہیں گے جبکہ اندرون صوبہ اور کوئٹہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے تاہم نجی گاڑیوں میں 50فیصد سواریوں کے بیٹھنے کی اجازت ہوگی اور اس سلسلے میں پولیس، لیویز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے۔

کہ وہ حکومتی فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ دوسری جانب بلوچستان کے تاجر تنظیموں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ، انجمن تاجران بلوچستان کے عبدالرحیم آغا نے حکومتی لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے۔

کہ تاجر جمعہ اور جمعرات کے سمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے علاوہ حکومتی کسی لاک ڈاؤن کے فیصلے کے پابند نہیں ہیں اور چاند رات تک تمام کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اس سلسلے میں اگر زور زبردستی کی کوشش کی گئی تو صوبہ بھر کے تاجر سراپا احتجاج بنیں گے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر رعائد ہوگی۔