|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2021

تربت:  تربت میں انتظامیہ نے زبردستی لاک ڈاؤن کرادیا، دکانداروں کا شہید فدا چوک پر دھرنا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم اور ایس ایچ او روشن علی نے اتوار کو لاک ڈاؤن کرادیا اور زبردستی دکانیں بند کردیں، انتظامیہ کے خلاف دکانداروں نے شہید فدا چوک پر دھرنا دے کر احتجاج کیا، انہوں نے کہا کہ عید کے سیزن میں لاک ڈاؤن کے نام پر زبردستی دکانوں کو بند کرنا سراسر زیادتی اور نا انصافی ہے، عید کے سیزن میں دکان دار لاکھوں روپے مالیت کے سامان لاتے ہیں اگر لاک ڈاؤن کے نام پر بازار بند کیے گئے تو ہر دکان دار کو لاکھوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، انتظامیہ کے پاس اگر دکانداروں کا خسارہ پورا کرنے کا انتظام ہے تو ٹھیک ہے ۔

ورنہ دکاندار کرونا کے نام پر لاک ڈاؤن تسلیم نہیں کریں گے۔اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کی بڑھتی ہوئی کیسز پر صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، حکومتی احکامات پر تربت میں بھی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا اس بارے میں انجمن تاجران کے ساتھ بات چیت ہوئی اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کی گئی، انہوں نے بتایاکہ جب تک صوبائی سطح پر نئے احکامات نہیں آتے تب تک لاک ڈاؤن برقرار رکھے گا، بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان نے شھید فدا چوک پر آکر انجمن تاجران کے صدر اور جنرل سیکرٹری غلام اعظم دشتی کے ساتھ مذاکرات کیے۔