|

وقتِ اشاعت :   May 12 – 2021

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خا ن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت باتوں پر نہیں بلکہ عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ترقیاتی کاموں کا جا ل بچھایا جارہا ہے کوئٹہ شہر کی بہتری کے لئے 28بڑے جبکہ کئی چھوٹے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جنکی تکمیل سے شہری میں بہتری اور شہریوں کو سہولیات میسر آئیں گی ،یہ بات انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صرف دعووں نہیں بلکہ عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے کوئٹہ شہر میں زمینی سطح کر کئی منصوبے تعمیر کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے کوئٹہ شہر کی بہتری کے لئے 28سے زائد منصوبے شروع کئے ہیں جن میں کینسر اور امراض قلب کے ہسپتال،پانی کی کمی کو پوراکر نے کے لئے تین ڈیم،سات اسپورٹس کمپلکس، جوانئٹ، سبزل، سریاب، لنک بادینی پٹیل روڈ، پرنس روڈ، ہنہ روڈ ،مغربی بائی پاس کی توسیع ،ہنہ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں پارکوں کی تعمیر ، تذئین و آرائش سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ کئی ایک چھوٹے منصوبے بھی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شروع کئے گئے ہیں جنکی تعمیر سے شہر وں میں واضح بہتری نظر آئیگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ہمیں عوامی مقامات سے کچرہ اٹھا نہیں سکتے تو کم از کم وہاں کچرہ پھینکنے سے بھی گریز کریں ہمیں صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے اور ماحول کو صاف رکھنے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرنی چاہیے انہوں نے کہا کہ مسکرانا اور کسی کے راستے سے پتھر ہٹانا صدقہ ہے ہمیں مسلمانیت یا محب وطن ہونے کا ثبوت دینا چاہیے ،وزیراعلیٰ نے ایک بار پھر عوام پر زور دیا کہ وہ گھروں میں رہیں اور کورونا وائرس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر پر عملدآمد کریںاللہ پاک کورونا وائرس سے وفا ت پا جانیوالوں کے درجات کو بلند اور اس مقدس مہینے میں ہمیں ہدایت دے کہ ہم کورونا وائرس سے متعلق معاملات کو سنجیدیگی سے لیں ۔