|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2021

کوہلو:  نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر محراب بلوچ کی صدارت میں پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کا ایجنڈا کوہلو میں گیس و تیل و دیگر معدنیات کی تلاش اورحکومت کی جانب سے بغیر اعتماد کے مقامی لوگوں اور علاقے کو نظر انداز کرنے کے حوالے سے تھا اجلاس میں صوبائی رہنما عرض بلوچ،ضلعی صدر محراب بلوچ، جنرل سیکرٹری علی نواز مری،مرزا غالب مری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس و تیل تلاش کرنے اور دریافت کرنے کے خلاف نہیں مگر آئین و قانون کی روح میں مقامی لوگوں،زمینداروں اور علاقے کو مکمل حقوق و رائلٹی و دیگر مراعات کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

بلوچستان پہلے ہی پسماندگی کا شکار رہا ہے بالخصوص کوہلو ایک عرصے سے شورش زدہ رہا ہے امن کی بحالی کے ساتھ مقامی لوگوں کے چہرے کھل اُٹھے اور ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں تکتے رہیں گزشتہ سال سے ملک کے سرکاری ادارہ او جی ڈی سی ایل نے گیس وتیل کے ذخائر کی تلاش شروع کردی تو یہاں کے لوگوں کو پسماندگی کے خاتمے اور ترقی وخوشحالی کی ایک کِرن نظر آئی مگر مقامی لوگوں کو نظر انداز کرنے،زمینداروں کے زمینوں اور فصلوں کو نقصان پہنچانے کے بعد انہیں معاوضے سے محروم رکھنے اور ہنر مندانہ آسامیوں پر مقامی پڑھے لکھے افراد کو ترجیح نہ دینے سے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا ہے حکومت اٹھارویں ترمیم اور آئین و قانون کی روح میں معدنیات دریافت ہونے پر مقامی لوگوں اور علاقے کو ان کے مکمل حقوق دیئے جائیں گیس و تیل کوہلو میں دریافت ہوئی ہے ۔

اور ریفائنری پنجاب میں بنائیں جارہے ہیں جس سے کوہلو اور بلوچستان میں بسنے والے ہر قوم و نسل کے دِل پر چوٹ لگی ہے اس طرح کے اقدامات سے عوام کا ریاست سے اعتماد اٹھتا جائے گا،ہمارے لوگ محب وطن ہیں انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی سمیت کوہلو کا ذی شعور شہری ترقی وخوشحالی کے مخالف نہیں مگر کام کرنے والے کمپنیوں کی طرف سے مقامی لوگوں اور زمین مالکان کو نظر انداز کیا جارہا ہے جس سے ہمارے تحفظات بڑھ گئے ہیں گیس وتیل تلاش کرنے والے کمپنیوں کا کوہلو بالخصوص مری علاقہ میں کام کے آغاز کے حوالے سے ہمیں روز اول سے شدید تحفظات تھے ہمیں معاہدات سے آگاہ نہیں کیا گیا بند کمروں میں بیٹھ کر کئے گئے فیصلوں سے چند افراد اور شخصیات کو یقینا فائدہ ہوا ہوگا مگرہمیشہ ریاست اور وہاں کے مقامی لوگوں کو اس طرح کے فیصلوں سے نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اورمری قومی اتحاد 6جون 2021کو بینک چوک پر ایک گرینڈ جرگہ بُلا رہے ہیں جس میں مری قبائل کے معتبرین،سرٹکری اور برادر قوم زرکون کے مشران،سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں،سول سوسائٹی اور فلاحی تنظیموں کے نمائندوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ذی شعور شہری جرگہ میں شرکت کرکے اپنے آنے والے نسلوں کے حقوق کی تحفظ کیلئے میدان میں آئیں انہوں نے کہا کہ جرگہ کا مسودہ ایجنڈا مشترکہ طور پر نیشنل پارٹی اور مری قومی اتحاد کا ہوگا جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کوہلو کے عمائدین کو شرکت کی دعوت دی گئی تاریخ کا اعلان تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کرکیا گیا۔