|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2021

کوہلو:  محکمہ صحت حکومت بلوچستان نے کوہلو میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ٹیکوں کے سنٹرز میں اضافہ کرکے40 سال سے زائد کے عمر کے افراد کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویکسینیشن کا حدف دیا ہے ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر شیر زمان مری کے مطابق کوہلو کے دورافتادہ علاقوں میں محکمہ صحت کی جانب سے پانچ مزید سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ۔

اس سے قبل پورے ضلع میں ایک ہی سنٹر قائم تھا جس میں پانچ سو سے زائد افراد کی ویکسینیشن عمل میں لائی گئی تھی محکمہ صحت کی جانب سے دوسرے مرحلے میں سات سو افراد کو ویکسین لگوانے کا ہدف دیا گیا جس میں دورافتادہ علاقوں کے لوگوں کو مستفید ہونے کے لیے مزید سنٹرز قائم کئے گئے جس سے مقامی لوگوں کو ویکسین لگوانے میں مزید آسانیاں پیدا ہونگی ضلعی ناظم صحت کے مطابق اب تک ضلع کے 1345 مشتبہ افراد کے سیمپل لیے گئے جس میں 71 افراد میں کورونا کے وائرس مثبت پائے گئے جنہیں گھروں میں آئیسولیٹ کیا گیا اورتمام افراد صحت یاب ہوگئے ۔

محکمہ صحت کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے, رش اور تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کرنے, ماسک پہننے اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی دوسری جانب عید کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تفریحی اور سیاحتی مقامات پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی اور لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرنے کے لیے تاجر برادری اور شہریوں کے ذمہ دارانہ رویے کو خوب سراہا گیا۔صوبائی حکومت کا لاک ڈاؤن میں مزید نرمی شہریوں اور تاجر برادری کا حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کا نتیجہ ہے۔