|

وقتِ اشاعت :   May 17 – 2021

تربت:  شاہ آباد کو خسرہ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، درجنوں بچے متاثر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر فاروق رند کے مطابق آج شام ایک ٹیم شاہ آباد بھیج کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

تربت کے علاقہ شاہ آباد میں خسرہ کی بیماری کے سبب درجنون افراد متاثر ہوئے ہیں جن کو محکمہ صحت کی جانب اب تک علاج کی سہولت میسر نہیں ہے، ایک زرائع کے مطابق شاہ آباد میں قائم سی ڈی میں ایک سرکاری اہلکار لوگوں کو فی کس علاج کے لیے 15 سے 20 ہزار روپے طلب کررہا ہے، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر فاروق رند نے بتایا کہ علاقے میں گزشتہ ہفتے سے خسرہ کے کیسز ریکارڈ ہونے کی اطلاع مل رہی تھیں جس کا نوٹس لیا گیا ہے اور آج شام کو ایک ٹیم شاہ آباد کا دورہ کرنے جارہی ہے ۔

جو خسرہ کی صورت حال کا جائزہ لے گی، انہوں نے بتایاکہ سرکاری ہسپتال میں علاج معالجہ کے حوالے سے پیسہ وصولی کی کنفرم بات سامنے نہیں آئی ہے البتہ ہمیں بھی ایسی اطلاعات مل چکی ہیں اس پر بھی تحقیقات کررہے ہیں اگر جس اہلکار نے لوگوں سے پیسہ وصول کیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سیاسی رہنما صادق تاجر نے صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ کی وبا سے شاہ آباد کی بڑی تعداد میں آبادی متاثر ہوئی تاہم دو ہفتے بعد بھی علاج کے لیے ہنگامی اقدامات نظر نہیں آرہے، انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ او کو فون کرکے اس معاملے پر آگاہ کیا ہے ۔

جنہوں نے فوری حفاظتی انتظامات شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ہمیں امید ہے کہ ضلعی انتظامیہ فورا ایکشن لے کر اقدامات اٹھائے گی، انہوں نے مذید کہاکہ محکمہ صحت کے ایک اہلکار پر لوگوں سے پیسہ وصول کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے اگر اس میں صداقت ہے تو اس پر ایکشن لیا جائے۔