|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2021

گوادر: گوادر ماہیگیر اتحاد کے کابینہ کا اجلاس، ماہیگیروں کو درپیش مسائل زیر بحث، بڑھتی ہوئی ٹرالرنگ پر تشویش کا اظہار، غیرقانونی ٹرالرنگ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گوادر ماہیگیر اتحاد کے کابینہ کا اجلاس صدر خداداد واجو کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماہیگیروں کو درپیش مسائل اور سندھ کے ٹرالروں کی گوادر کے سمندر میں جاری ٹرالرنگ کے مسئلے پر بحث کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے ٹرالرنگ کے بڑھتی ہوئی واقعات کاذمہ دار محکمہ فشریز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ٹہراتے ہوئے کہا کہ محکمہ فشریز تمام تر وسائل رکھنے کے باوجود گوادر کے سمندر میں جاری ٹرالرنگ کے تدارک کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے مزید بتایا کہ سندھ کے بے لگام ٹرالرز دن رات گوادر کے سمندر کو تاراج کر رہے ہیں جس سے مقامی ماہیگیر نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں اور محکمہ فشریز سمیت دیگر متعلقہ ادارے بھی اس مافیا کے سامنے بے بس نظر آ رہے ہیں اجلاس کے شرکاء نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ضلع کے ماہیگیروں کو یکجا کر کے ٹرالرز مافیا کے خلاف ہر ممکن احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔

اجلاس کے شرکاء کے باہمی مشاورت سے یہ فیصلہ بھی طے ہو پایا ہے کہ گوادر ماہیگیر اتحاد 20 مئی بروز جمعرات شام 5:30 بجے گوادر پریس کلب میں ضلع گوادر کے سمندر میں جاری ٹرالرنگ کے خلاف ایک اہم پریس کانفرس کر کے اپنے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔