|

وقتِ اشاعت :   May 28 – 2021

خضدار :  کمشنر قلات ڈویژن بشیر احمد خان بازئی کا خضدار میں زیر تکمیل مختلف منصوبوں کا دورہ تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے اور معیار کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت تفصیلات کے مطابق کمشنر قلات ڈویژن بشیر احمد خان بازئی نے گزشتہ روز ڈویژنل وومن سینٹر کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا اور سات کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تکمیل وومن ہاسٹل،ایک کروڑ اٹھانوے لاکھ کی لاگت سے زیر تکمیل وومن بازار اور ایک کروڑ چونسٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تکمیل وومن بزنس سینٹر کی تعمیراتی کا معائنہ کیا۔

ا س موقع پر ایکسیئن بی اینڈ آر بلڈنگ فاروق مینگل اور ایس ڈی او لیاقت علی بلوچ نے انہیں تعمیراتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ ڈویژنل وومن سینٹر خضدار تکمیل کے آخری مراحل میں ہے کمشنر قلات ڈویژن نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کے دوران معیار کا خاص خیال رکھا جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کمی و کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی انہوں نے تمام منصوبے بر وقت مکمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی و چیف سیکرٹری بلوچستان خواتین کو ہر شعبے میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کا خواہاں ہے خضدار میں ڈویژنل وومن سینٹروومن ہاسٹل اور وومن بزنس سینٹر کے قیام سے خواتین کی معیار زندگی میں نہ صرف بہتری آئےگی۔

بلکہ محفوظ ماحول اور دستیاب سہولتوں کی وجہ سے خواتین مزید بہتر انداز میں اپنی صلاحتیں بروئے کار لاسکیں گی دریں اثناء کمشنر قلات ڈویژن نے سینٹرل جیل خضدار کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر سپرٹینڈنٹ سنٹرل جیل سلیم ترین نے کمشنر قلات ڈویژن کو جیل کی مجموعی صورتحال کورونا اقدامات، قیدیوں کو ویکسئن لگوانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر قلات نے فوری طور پر حکم دیا کہ جیل میں موجود اٹھارہ سال سے زیادہ عمر کے تمام قیدیوں کو ویکسئین کیا جائے اور حکومتی ایس او پیز کا خاص خیال رکھتے ہوئے جیل کے امور جاری رکھے جائیںاس موقع پر کمشنر قلات نے 3کروڑ 95لاکھ روپے کی خطیر رقم سے زیر تعمیر ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے زیر تعمیر آفس و رہائشی مکانات کا معائنہ بھی کیا اور موقع پر موجود متعلقہ محکمہ کے افسران کو جلد کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔