|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2021

تربت: آل پارٹیز کیچ کی نومنتخب کابینہ کا تعارفی اجلاس اتوار کو کنوینر نصیراحمدگچکی کی زیر صدارت منعقد کیا گیا، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، امن وامان کی تشویشناک صورتحال، باڈر ٹریڈ میں درپیش مسائل، ٹارگٹ کلنگ اور لوڈشیڈنگ کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔ اجلاس کے دوران نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ملا برکت پر قاتلانہ حملہ کی مذمت اور جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالحئی مدنی کی شہادت پر ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔ شرکاء نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کا قیام اور اس کی موجودگی غیر سیاسی قوتوں کے لیے چیلنج ہے۔

اپنی قیام سے آل پارٹیز سیاسی شعور پھیلانے کی کوشش کررہی ہے جس میں کامیابی حاصل رہی، آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں نے کہاکہ آل پارٹیز کیچ مکران کی سطح پر مسائل کے حل کیلئے گوادر اور پنجگور کے آل پارٹیز کیساتھ رابطہ کریگی، مسائل کی حل کیلئے مشترکہ جدوجہد اور اتحاد واتفاق کامیابی کی ضمانت ہے، انکا مزید کہناتھا کہ کیچ سیاسی کارکنوں اور باشعور عوام کی سرزمین ہے، سیاسی رواداری اور سیاسی شعور کافروغ ہم سب کی زمہ داری ہے، اس وقت امن وامان کا مسئلہ سنگین تر ہوتا جا رہاہے،سیکیورٹی ادارے امن وامان کے قیام میں مکمل طورپر ناکام ہیں، سیاسی شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ سے سیاسی فضاء کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جسکی آل پارٹیز کیچ سختی سے مذمت کرتی ہے،انہوں نے کہاکہ باڈر کامسئلہ انتہائی اہم مسئلہ ہے۔

لوگوں کازریعہ معاش ان سے وابستہ ہے باڈر بندش سے یہاں بیروزگاری ومہنگائی میں اضافہ ہوتاہے جو جرائم بڑھنے کاسبب بنتاہے، آل پارٹیز کیچ کاموقف واضح ہے کہ بارڈر ہماری معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے کاروبار سے وابستہ لوگوں کو باڈروں میں مختلف مسائل کاسامناہے متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ اس روزگار پر قدغن لگانے سے پہلے عوام کومتبادل زریعہ روزگار فراہم کریں،یہ روزگار صدیوں سے جاری ہے مگر حالیہ دنوں میں عوام کیلئے باڈرز نوگوایریاز بنادیئے گئے ہیں۔

اس موقع پر آل پارٹیز میں شامل نیشنل پارٹی کے ضلع صدر مشکورانور، جنرل سیکریٹری فضل کریم، بی این پی عوامی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن خلیل احمدتگرانی، پی این پی عوامی کے خان محمدجان گچکی، خالد رضا، جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا عبدالحفیظ مینگل، مولانا محمدعلی شیرانی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کیچ کے رہنماء یلان زامرانی،جماعت اسلامی کے رہنماء شاہ جان بلوچ، کیچ سول سوسائٹی کے کنوینئر التازسخی، عومر ہوت، مکران بارکے عبدالمجید دشتی، آل پارٹیز کیچ کے ڈپٹی کنوینئر حاجی عبدالعزیزدشتی، انفارمیشن سیکرٹری شے ریاض احمد ودیگر بھی مودتھے۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام پنجگور کے رہنماء مولانا عبدالحئی مدنی کے قتل اور ملابرکت پر حملہ اور ٹارگٹ کلنگ کے دیگر واقعات کی سخت مذمت کی گئی، جبکہ مولانا عبدالحئی مدنی کیلئے اجتماعی دعائے مغفرت کی گئی۔