|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2021

اہل علاقہ کسی بھی شرپسندکی ایماء پر حکومت مخالف سرگرمی کاحصہ نہیں بنیں گے
دالبندین:  صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی اور ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیرزمان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دالبندین جاوید ڈومکی نے چاغی کے پاک افغان سرحدی علاقے برآب چاہ کا دورہ کرکے وہاں قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے سرحدی امور کے متعلق اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے برآب چاہ کی مکینوں کو آسانی فراہم کرنے پر مقامی انتظامیہ اور ایف سی حکام کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اہل علاقہ کسی بھی شرپسند کی ایما پر کسی قسم کی حکومت مخالف سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ اپنے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے.

بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر جاوید ڈومکی نے قبائلی عمائدین کے ہمراہ برآب چاہ میں ایف سی کے ونگ کمانڈر سے ملاقات کی جس کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور ایف سی کے ونگ کمانڈر نے برآب چاہ کی عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کوئی بھی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔