|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2021

کوئٹہ:  بلوچستان پیس فورم کے چیئر مین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کتاب دوستی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں معاشی و قومی بحران کے حل کے لئے علمی بنیادوں پر سیاسی اصولوں کا تعین کیا جائے ، نوجوان نسل علم و ادب سے اپنی وابستگی کوبرقرار رکھتے ہوئے کتاب دوست تحریک کا حصہ بنے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روز سراوان ہائوس کوئٹہ میں کتاب دوست تحریک کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد افضل رئیسانی نے بلوچستان پیس فورم کے سربراہ کو نادر ونایاب کتابوں کا عطیہ دیا۔

اس موقع پر میر اسماعیل رئیسانی ، میر عبداللہ رئیسانی و دیگر بھی موجود تھے۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی نے محمد افضل رئیسانی کی خدمات اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ افضل رئیسانی شروع دن سے کتاب دوست تحریک کے روح رواں رہے ہیں اور ہمیشہ نا در و نایاب اور قیمتی کتابیں عطیہ کیں۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان کو اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے ان کے حل کے لئے جدید علمی اور سائنسی بنیادوں پر جدوجہد کی ضرورت ہے بلوچستان میں معاشی و قومی بحران کے حل کے لئے حل علمی بنیاد وں پرسیاسی اصولوں کا تعین کیا جائے ہمیں علم دوستی اور کتاب دوستی کو فروغ دینا چاہئے تاکہ ترقیافتہ دنیا اور اقوام کی طرح ہم بھی اپنے حقوق کے حصول میں کامیاب ہوں۔