|

وقتِ اشاعت :   June 6 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان میں حکومتی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کرنے میں سینئر ارکان کامیاب ہوگئے، وزیراعلی بلوچستان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کا خطرہ ٹل گیا، ناراض ارکان کو دو اہم وزارتیں دیئے جانے پر اتفاق ہوگیا ہے، محکمہ صحت اور محکمہ اطلاعات باپ کے ناراض ارکان کو دیئے جانے پر آئندہ چند روز کے اندر اہم بیٹھک لگے گی، ناراض ارکان نے وزیراعلی بلوچستان کو بجٹ کے دوران مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی معاملات پر بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان کا ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے گریز کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے جبکہ کوئی بھی غیر منتخب نمائندہ پارٹی کے اہم معاملات پر پالیسی بیان نہیں دے گا جو بلوچستان عوامی پارٹی کے اندرونی معاملات کو خراب کرنے کا سبب بن سکے، دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے، پی ٹی آئی بلوچستان کے اہم شخصیت کے مطابق پی ٹی آئی کا بجٹ میں تجویز کردہ منصوبوں کی منظوری کا انتظار ہے جبکہ وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے معاملات حل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، پی ٹی آئی بلوچستان کے عہدیداران وزیراعلی اور حکومتی ارکان ایک دوسرے کیخلاف بیان نہ دینے کے پابند ہونگے، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت کے ذریعے صوبائی حکومت کے معاملات خوش اسلوبی سے حل ہونے کا انتظار ہے۔