کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لئے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام بہتر انداز میں کام کررہے ہیں ، بلوچستان میں رفیوزلز میں کمی آرہی ہے امید ہے اس سال اس میں مزید کمی آئے گی ،
والدین انسداد پولیو مہم کی کامیابی اور بلوچستان کو پولیو فری صوبہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرےں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سیکرٹری صحت بلوچستان نور الحق بلوچ کے ہمراہ سول ہسپتال کوئٹہ میں 5روزہ انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور سیکرٹری صحت بلوچستان نور الحق بلوچ نے 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا ۔ مہم کے افتتاح کے موقع پر پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم پانچ روز تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے متعلقہ حکام بہتر انداز میں کام کررہے ہیں
جس کی وجہ سے رواں سال صرف ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں ٹائم فریم نہیں دے سکتے تاہم رفیوزلز میں کمی آرہی ہے امید ہے کہ اس سال اس میں مزید کمی آئے گی ۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نور الحق بلوچ کا کہنا تھا کہ 5روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبے میں پانچ سال سے کم عمر کے24لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے لئے 10 ہزار 553 میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ اس موقع پر ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ارباب کامران کاسی و دیگر حکام بھی موجود تھے ۔