کوئٹہ : پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں ہم سب کو ملکر ہی اس خطے سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری اسپیشل ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نورالحق بلوچ ، ایم ایس سول ہسپتال ارباب کامران خان کاسی ڈی ایم ایس ڈاکٹر جاوید اختر بھی موجود تھے اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری صحت نے ایک بچی کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر بلوچستان میں پانچ روزہ قومی پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پولیو کے خلاف اس مہم میں والدین پوری ذمہ داری سے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں ہمیں وطن عزیز سے ہر صورت اس موزی مرض کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔
اسوقت افغانستان اور پاکستان پولیو کے حوالے سے ریڈ زون میں ہیں بے بنیاد افواہوں کے باعث بعض افراد اور حلقے پولیو مہم کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ایک طویل سفر کے باوجود ابتک یہ مرض پاکستان سے ختم نہیں ہوا اور ایسی صورتحال میں حتمی طور پر اس کے خاتمے کی ٹائم لائن بھی نہیں دی جاسکی باشعور طبقات اور میڈیا کا فرض ہے کہ وہ بے بنیاد افواہوں کہ نفی اور اصل حقائق عوام تک پہنچانے کے لئے اس قومی کاز میں محکمہ صحت اور انسداد پولیو کے لئے کام کرنے والے افراد کے ساتھ تعاون کریں علماء کرام دینی نقطہ نظر سے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے ۔
پولیو مہم کی کامیابی کے لیے کردار ادا کریں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے ممکنہ حد تک اقدامات اٹھائے ہیں دور دراز علاقوں میں اس قومی مہم میں خدمات سرانجام دینے والے ورکرز قوم کے حقیقی ہیرو ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی اقدامات اور شعوری آگاہی کی ترویج کے باعث پولیو سے انکاری افراد اور خاندانوں کی تعداد بتدریج کم ہورہی ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔