|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2021

گوادر : نیشنل پارٹی اور بی ایس او (پجار) کے زیر اہمتام نیشنل پارٹی کے ضلعی سیکٹریٹ گوادر میں شہید حمید ڈے کی مناسب سے تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہید حمید کو خراج عقیدت پیش کی اور کہا کہ شہید حمید بلوچ ظلم اور استحصالی ہتھکنڈوں کے خلاف جدو جہد کا استعارہ بن کر ابھرے اور دنیا بھر کے محکوم اقوام کی نمائندگی کرتے ہوئے شھادت کے رتبہ پر فائز ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ شہید حمید بلوچ کی شھادت کو چالیس بیت چکے ہیں لیکن ظلم اور ناانصافیوں کا نظام ابھی تک ختم نہیں ہوا ہے بلوچستان کے ساحل اور وسائل کو ہتھیانے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے معروضی حالات میں شہید حمید کا فلسفہ اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ہم استحصالی نظام کے خلاف برسرپیکار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے ساحل کو ہتھیانے کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے زرخیز ساحل جو ماہی گیروں کی ملکیت ہے اور ازل سے ان کی روزی روٹی کا ذریعہ بھی ہے کو چائنیز ٹرالرز کے سپرد کیا گیا ہے جدید آلات سے لیس یہ غیر ملکی ٹرالرز سمندری حیات کی نسل کشی کررہے ہیں اور عین ساحل پر آکر شکار میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ بننے کے بعد ہمیں یہ مڑدہ سنایا گیا تھا کہ خوشحالی آئے گی لیکن خوشحالی کو غیر ملکی ٹرالرز کے سپرد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سمیت پورے ضلع میں تعمیر و ترقی کے کوئی آثار نظر نہیں آتے، اورماڑہ سے لیکر جیونی کے باسی پانی، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ گوادر سی پیک کا جھومر ہے لیکن خواتین اور بچے برتن ہاتھوں میں اٹھاکر احتجاج کرتے ہیں، اعلٰی تعلیمی درسگاہوں کے قیام کا وعدہ آب و سراب ہوگیا ہے اور گوادر یونیورسٹی کے حصول کے لئے نوجوان، بہنیں اور پیر مرد روڑوں پر نکل رہے ہیں اربوں روپے کے پروجیکٹ میں گوادر کے لئے یونیورسٹی کا منصوبہ شامل نہ ہونا اہلیان گوادر کی ترقی کے عمل میں شرکت پر قدغن لگانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام تر حالات سیاسی کارکنوں سے یہی تقاضا کرتے ہیں کہ وہ اپنے عوام کو محلاتی سازشوں سے بچھانے کے لئے عملی جدو جہد کو تیز تر کردیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اور بی ایس او شہدا کا تسلسل ہیں شہید حمید بلوچ اور دیگر شہدا کا فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جن کی قربانیوں کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ نیشنل پارٹی اور بی ایس او کے کارکنان سیاسی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے استحصالی نظام اور نا انصافیوں کے خلاف عوام کی فکری اور شعوری بیداری کو مہمیز دیں۔ تعزیتی ریفرنس سے نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر فیض نگوری، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آدم قادربخش، نیشنل پارٹی کے رہنماء سابقہ یوسی ناظم جیونی منظور قادربخش، بی ایس او (پجار) کے زونل صدر خدادداد، مقامی رہنماؤں حسیب وحید، مختار بلوچ اور بلدیہ گوادر کے سابقہ چیئرمین عابد رحیم سہرابی نے خطاب کیا۔ ریفرنس کے نظامت کے فرائض ولید مجید نے اداکئے۔