کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کا معاشی انحصار زراعت پر ہے ،بلوچستان حکومت ہزارگنجی سبزی اور فروٹ مارکیٹ کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سراوان ہائوس کوئٹہ میں آل بلوچستان آڑھتیان فروٹ اینڈ ویجیٹبل کمیشن ایجنٹ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے صدر حاجی ظاہر بڑیچ ،جنرل سیکرٹری حاجی ظہورکاکڑ ،سرپرست اعلی حاجی احمد بلوچ ،وائس چیئرمین حاجی احمد شاہ پوپلزئی، حاجی ضیاء الدین بادینی، ملک زیب قمبرانی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
اس موقع پر بی این پی کے رہنماء علاوالدین خان کاکڑ، ملک مصطفی کاکڑ ودیگر موجود تھے۔ وفدنے نوبزادہ لشکری رئیسانی کو سبزی وفروٹ مارکیٹ کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کو چائیے کہ وہ صوبے میں زراعت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے زراعت کے شعبہ سے منسلک افراد کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارگنجی سبزی اور فروٹ مارکیٹ کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے سے صوبے کے زردمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔