کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میرظہوراحمد بلیدی نے کہا ہے کہ مالی سال 2021-22 میںماہی گیری و ساحلی ترقی کے شعبے کے لئے ترقیاتی مد میں 4.302بلین روپے اور غیر ترقیاتی مد میں 1.168بلین روپے مختص کئے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو آئندہ مالی سال کا بجٹ ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو دنیا کی بہترین ساحلی پٹی سے نوازا ہے جس میں کوسٹل ٹورازم کے ساتھ ساتھ ماہی گیری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ اس حوالے سے حکومت بلوچستان جامع حکمت عملی کے تحت پوری ساحلی پٹی کی بین الاقوامی معیار کے عین مطابق ماسٹر پلاننگ کرارہی ہے اور اس حوالے سے بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فعال کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2021-22 میں ماڈل فش مارکیٹ کے قیام کے لئے 37.50 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال2020-21 بجٹ کے تحت BCDA کے ذریعے چند اہم منصوبے شروع کردیئے گئے ہیں۔ جن میں مختلف مقامات پر (Fish Landing Jetties)، کوسٹل ٹورازم اور ایکو ٹورازم کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2021-22 میں اس شعبے کے لئے ترقیاتی مد میں 4.302بلین روپے اور غیر ترقیاتی مد میں 1.168بلین روپے مختص کئے ہیں۔