کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی نے کہاہے کہ بلوچستان کی صحافت ہمیشہ سے جمہوریت کے فروغ ،آئین کی بالادستی میں معاون ومدد گار رہی ہے ،بلوچستان کے مسائل اجاگر کرنے میں یہاں کے صحافیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے ،پاکستان پیپلزپارٹی آزادی صحافت کی علمبردار ہے ،بلوچستان کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے عوام اور صحافی برادری کا تعاون درکار ہے ،پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ کی ناساز طبیعت پر دلی افسوس ہے اللہ پاک انہیں جلد صحت یاب کرے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،عبدالحمید کاکڑ،اخترمحمدبارکزئی ،کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند ،جنرل سیکرٹری بنارس خان ،سینئر صحافی انور ساجدی ،رضاالرحمن ،نور الہیٰ بگٹی ،جلال نورزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے میر چنگیز خان جمالی نے کہاکہ بلاشبہ بلوچستان کی صحافی برادری نے مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دیا اور نا صرف بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کرداراداکیا بلکہ عوام کی فلاح وبہبود میں بھی اپنا موثر اور عملی کردارادا کرتے رہے ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کے صحافیوں کی شب وروز محنت کی بدولت ہی بلوچستان کے اہم مسائل اجاگر ہوئے ہیں.
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کامبارکباد کا پیغام لیکر یہاں آئے ہیں اور ہم یقین دلاتے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح بلوچستان کے صحافیوں کے ساتھ قدم بقدم چلتی رہے گی کیونکہ ہم آزادی صحافت کے داعی ہے اور چاہتے ہیں کہ آزاد صحافت کوفروغ دیا جاسکے ۔اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ نے ان کاشکریہ ادا کیابعدازاں میرچنگیز جمالی،روزی خان کاکڑ نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری وصوبائی صدر عثمان خان کاکڑ کی ہسپتال جا کر عیادت کی اس موقع پر انہوں نے پشتونخوامیپ کے رہنماء نواب محمدایاز خان جوگیزئی ،ڈاکٹرحامد خان اچکزئی ،رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے سے ملاقات کی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ،انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عثمان کاکڑ کو جلد سے جلد صحت یاب فرمائیں