|

وقتِ اشاعت :   June 20 – 2021

تربت: بلوچستان عوامی پارٹی پی بی 47 کے کارکنوں کی جانب سے بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی ہنگامہ آرائی اور غیر جمہوری رویے کے خلاف تربت پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین نے اپوزیشن کے کردار کو بچکانہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی اور اپوزیشن کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور مشیر برائے مذہبی امور لالہ رشید دشتی کے بڑے تصاویر اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے بی اے پی کے رہنماؤں محمد الیاس اور اسحاق دشتی نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے ایک عوام دوست بہتریں بجٹ پیش کرکے تاریخ رقم کردی ہے جس پر اپوزیشن کا واویلا سمجھ سے بالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قبائلی روایات توڑ کر اپوزیشن نے جو بچکانہ کردار ادا کیا وہ قابل مذمت ہے، بلوچستان کی پارلیمانی تاریخ میں اس سے پہلے کسی اپوزیشن نے اس حد تک غیر سیاسی و غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی طرز عمل کا مظاہرہ نہیں کیا تھا جیسا موجودہ اپوزیشن نے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان ایک عزت دار قبائلی شخصیت ہیں ان کے ساتھ بد سلوکی یہاں کی مروجہ قبائلی روایات کی بدتریں خلاف ورزی ہے جس کی اجازت کوئی باعزت شخصیت نہیں دیتی۔