|

وقتِ اشاعت :   June 22 – 2021

خضدار:  بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر شفیق الرحمٰن ساسولی نے کہاکہ عثمان کاکڑ کی رحلت سے بلوچستان ایک عظیم سیاسی رہنماء سے محروم ہوگیا۔ شہید عثمان کاکڑ بلوچستان کی ایک بااثر آواز تھے، آج بلوچستان کی ایک موثر آواز دم توڑ گئی۔ ہم بحیثیتِ بلوچ قوم و پارٹی شہید کے خاندان، پارٹی اور پشتون قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ شہید کی خلاء ہمیشہ رہے گی، دعا ہے کہ اللہ تعالٰی ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی و ارفع مقام عطا فرمائے اور خاندان، پارٹی و بلوچ اور پشتون قوم کو صبرِجمیل عطا فرمائے۔

واضح رہیکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی اعلامیہ میں تمام ضلعی اور تحصیل آرگنائیزیشنز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاگیاہیکہ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنماء لا لا عثمان کاکڑ کی جسد خاکی 22 جون بروز منگل صبح 6 بجے کراچی سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوجائے گی، لالا عثمان کاکڑ کو ان کی گراں قدر خدمات کے پیشِ نظر بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء و کارکن اپنے علاقوں میں ان کی میت کا والہانہ استقبال کریں اور زبردست خراج عقیدت پیش کریں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے کارکنان لسبیلہ، وڈھ، خضدار، سوراب، قلات اور مستونگ کے مقامات پر ان کی جسد خاکی پر پھول نچاور کرکے عثمان لالا کو خراج عقیدت پیش کریں۔

شفیق الرحمان ساسولی نے کہاکہ مرکزی اعلامیہ کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع خضدار کی جانب سے وڈھ مینگل کوٹ کراس اور چمروک خضدار کے مقام پہ 12 بجے دوپہر شہید عثمان کاکڑ کی میت کے قافلے کا استقبال کیاجائیگا، شہید کو ان کی گراں قدر خدمات پہ خراجِ عقیدت پیش کیاجائیگا۔ بی این پی خضدار کے ورکرز بجے مقررہ وقت سے پہلے چمروک پہنچ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ عثمان لالا ایک عظیم سیاسی رہنماتھے، وہ بلوچ پشتون کی مئوثر آواز تھے۔ اپنی ساری زندگی بلوچستان میں آباد اقوام کیلئے حقوق کے لیے وقف کی۔ عثمان لالا کی رحلت سے بلوچستان ایک عظیم سیاسی رہنماء سے محروم ہوگیا جس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم عثمان لالا کو سیاسی و قومی جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالٰی ان کو جنت الفردوس میں اعلی و ارفع مقام عطا فرمائے۔ آمین