کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان کا بجلی روڈ تھانہ میں دھرنا جاری دوسرے روز بھی جاری رہا، وزیرداخلہ بلوچستان اور احتجاجی اراکین کے درمیان مذاکرات کے دو دور ناکام ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین کا دھرنا منگل کو دوسرے روز بھی تھانہ بجلی روڈ میں جاری رہا پولیس کی جانب سے دوسرے دن بھی ارکان اسمبلی کو گرفتار نہیں کیا گیا .
جبکہ احتجاج کرنے والے ارکان اسمبلی سے تھانے میں ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو، پارلیمانی سیکرٹریز مبین خلجی،بشریٰ رنداور رکن صوبائی اسمبلی خلیل جارج پر مشتمل وفد اراکین اسمبلی سے ملاقات کے لئے بجلی روڈ تھانہ گیا جہاں انہوں نے اپوزیشن اراکین سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی تاہم اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت یا انکے خلاف درج مقدمہ خارج کرے یا پھر انہیں گرفتار کر لئے جب تک انکے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے.
احتجاج جاری رہے گاتاہم حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد وفد واپس چلا گیا اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ اپوزیشن بلوچستان کے عوام کے نمائندے ہیں حکومت نے انکے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کروائی اس معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائیگی جس میں حکومت اور اپوزیشن کے نمائندے شامل ہونگے کمیٹی مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کریگی لیکن اپوزیشن نے پیش کش تسلیم نہیں کی