ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا تیزی سے پھیلنے کے باعث حکومت نے لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کر دیا۔ بنگلہ دیش میں اچانک ہی “ڈیلٹا پلس” کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ جس کے بعد حکومت کی جانب سے پیر سے تمام سرکاری اور نجی دفاتر ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا اور ٹرانسپورٹ کا استعمال صرف ایمرجنسی کی صورت میں کیا جائے گا۔
بنگلہ دیشی حکام کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران کسی شہری کو بھی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
محکمہ صحت کے ترجمان روبید امین کے مطابق لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لیے پولیس اور سرحدی فورسز کو تعینات کیا جائے گا تاہم ضرورت پڑنے پر فوج کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔
روبید امین کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں انتہائی خطرناک اور پریشان کن صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور اگر تیزی سے پھیلتے کورونا پر قابو نہ پایا گیا تو بھارت جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سرحد کے قریب واقع اضلاع میں تباہ کن صورتحال پیدا ہو گئی ہے، شہر کھلنا اور راج شاہی کے اسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
بنگلہ دیش میں جمعہ کو تقریباً 6 ہزار نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 108 افراد ہلاک ہوئے۔