|

وقتِ اشاعت :   June 29 – 2021

کراچی میں ایل این جی ٹرمینل کی مرمت اور مقامی سطح پر گیس پیدا کرنے والی ایک فیلڈ کی بندش کے باعث ملک بھر میں گیس اور بجلی کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ٹرمینل کی بحالی کے کام کے سبب مقامی پاور پلانٹس کو ملنے والی گیس کی فراہمی کی معطلی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں کمی آگئی ہے جس سے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے کا امکان ہے۔ کراچی میں برآمدی شعبے، سی این جی، آر ایل این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کردی گئی ہے۔

گیس کی سپلائی کی معطلی کے بعد ملک بھر میں بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں اور پاور پلانٹس کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق آنے والے دنوں میں بجلی اور گیس کا یہ بحران شدت اختیار کرسکتا ہے۔بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی معطل ہونے کے سبب ملک کے مختلف حصوں بشمول کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ پہلے ہی بڑھ چکا ہے۔ملک بھر میں بجلی اور گیس بحران کے سبب خیبرپختونخواہ اور پنجاب کی صنعتوں کو 10 روز کے لیے گیس کی فراہمی بند ہونے کا امکان ہے۔اطلاعات کے مطابق کراچی ایل این جی ٹرمینل سے گیس کی سپلائی 24گھنٹے کے بعد بند ہونا شروع ہوجائے گی۔

ایل این جی ٹرمینل سے 600 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس کی سپلائی بند ہوسکتی ہے۔ اب تک ایل این جی کے صرف 3 کارگو درآمد کیے گئے ہیں۔ بجلی کے ممکنہ بحران پر قابو پانے کے لیے وزارت توانائی نے پاور پلانٹس کو فرنس آئل درآمد کرنے کے لیے این او سی جاری کردیا ہے۔وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک بجلی کا بحران بھی پیدا ہو سکتا ہے جس سے بچنے کے لیے پٹرولیم اور پاور ڈویژن نے پاور پلانٹس کو فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔پاور پلانٹس میں گیس کے ذریعے بجلی کی کم پیداوار کی صورت میں فرنس آئل سے بجلی پیدا کی جا ئے گی۔

فرنس آئل سے پیدا ہونیوالی بجلی اور ماہانہ فیول پرائس کی مد میں مہنگی بجلی کا بوجھ بھی صارفین برداشت کریں گے۔وزارت تونائی کی جانب سے کے الیکٹرک کو اکتوبر2020ء میں بھی 50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ملک میں پہلے سے ہی گرمی کی شدت کے باعث اعلانیہ وغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اب ایل این جی ٹرمینل کی مرمت اور مقامی سطح پر گیس پیدا کرنے والی ایک فیلڈ کی بندش سے ملک بھر میں ایک بڑا بجلی کا بحران پیدا ہوگا جس سے تمام شعبے شدید متاثر ہونگے ۔عوام تو پہلے سے ہی بجلی بحران کا سامنا کررہی ہے فنی خرابی نہ ہونے کے باوجود بھی شہریوں کو بجلی اور گیس کی فراہمی کا مسئلہ برقرار رہا ہے ۔بہرحال اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزارت توانائی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے تاکہ عوام سمیت تاجر برادری بھی سڑکوں پر سراپااحتجاج نہ ہوجائیں ۔