|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2021

خضدار:  ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) بشیراحمد نے کہاہے کہ معیار و میرٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں ہے ،انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے کی کوششیں بدستور جاری رکھی جائیں گی،ذمہ داریوں کا احساس کرنے اور اسے نبھانے کے لئے تمام شعبوں کو ہدایات جاری کردیئے گئے ہیں.

میرے آفس کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہیں لوگ جائز و حل طلب مسائل کے لئے بلا جھجک میرے آفس کا رخ کرسکتے ہیں ، غریب، لاچار و مجبور افراد کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ایسے افراد کو انصاف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہوگی اور ایسے افراد کا سہارا ضلعی انتظامیہ ہی بنے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے آفس میں شہر اور دور افتادہ علاقوں سے آئے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

درخواست دہندہ سائلین میں ضعیف العمر ، معذور اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد شامل تھی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار بشیراحمد نے فرداًفرداً ان کے مسائل سنے ،درخواستوں کا جائزہ لیکر متعلقہ سرکاری شعبوں کو ہدایات نامے جار ی کردیئے ۔

ڈپٹی کمشنر خضدار میجرریٹائرڈ بشیراحمد کا کہنا تھاکہ معیار و میرٹ کالحاظ رکھنا اور اس پر عملدرآمد کرنا میری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔قوانین پر عملدرآمد اور قوائد و ضوابط کی پابندی سے ہی نظام میں بہتری آسکتی ہے شہری مسائل حل ہوسکتے ہیں ہر ایک فرد اپنے دائر ہ کار میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں نبہائے تو جتنے بھی مسائل ہیں ان میں واضح کمی آسکتی ہے ۔