بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ 56 سالہ عامر خان اور ان کی اہلیہ فلم ساز 47 سالہ کرن راؤ کے درمیان طلاق ہوگئی۔
دونوں نے 2005 میں شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں 2011 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
کرن راؤ اور عامر خان کی جوڑی کا شمار نہ صرف بولی وڈ کی رومانوی جوڑیوں میں ہوتا تھا بلکہ دونوں کو بھارت کی بھی رومانوی جوڑیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔
دونوں نے متعدد فلمی منصوبے ایک ساتھ کیے اور شادی سے قبل بھی دونوں کے درمیان اچھے تعلقات رہے تھے۔
دونوں کی جانب سے طلاق کی تصدیق کیے جانے سے قبل ان کے درمیان کسی بھی طرح کے اختلافات یا اعتراضات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں بلکہ دونوں کو رومانوی انداز میں دیکھا جاتا رہا ہے۔
عامر خان اور کرن راؤ کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں شادی ختم ہوجانے کی تصدیق کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق دونوں نے طلاق کا سبب نہیں بتایا، تاہم تصدیق کی کہ ان کے درمیان طلاق ہوگئی ہے اور دونوں واحد بیٹے آزاد خان کی مشترکہ پرورش کریں گے۔
اسی حوالے سے خبر رساں ادارے ’آئی اے این ایس‘ نے بتایا کہ دونوں نے 3 جولائی کو میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں طلاق ہوجانے کی تصدیق کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر دونوں 4 جولائی کو طلاق کے معاملے پر میڈیا سے طویل بات چیت بھی کریں گے یا پھر وضاحتی بیان جاری کریں گے۔
دونوں کی طلاق کی خبر سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر ان کی طلاق ٹاپ ٹرینڈ بن گئی اور دونوں کے مداحوں نے حیرانگی کا اظہار بھی کیا۔
کرن راؤ سے قبل عامر خان نے کیریئر کے آغاز میں 1986 میں ہی اداکارہ رینا دتا سے شادی کی تھی مگر ان کی پہلی شادی بھی 16 سال بعد 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔
عامر خان کو پہلی شادی سے دو بچے ہیں، جن میں بیٹی ارا خان اور بیٹا جنید خان ہے جو کہ جلد ہی فلموں میں دکھائی دیں گے۔
عامر خان کی پہلی شادی ختم ہونے کے بعد ہی ان کے تعلقات کرن راؤ سے استوار ہوگئے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2005 میں شادی کی۔
کرن راؤ نے شوہر عامر خان کی متعدد فلمیں پروڈیوس کیں اور دونوں کے درمیان انتہائی اچھے تعلقات رہے تھے اور کبھی بھی ان کے درمیان اختلافات یا کشیدہ تعلقات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں۔