|

وقتِ اشاعت :   July 3 – 2021

سیہون :  کاچھو،کوہستان،دادو، سیہون اور دور دراز علاقوں کے امراضِ قلب کے مریضوں کیلئے سیہون میں تین سال قبل قائم کیے گئے این آئی سی وی ڈی سیہون مرکز لوگوں کیلئے 24 گھنٹے سہولیات کا مرکز،دل کے ماہر ڈاکٹر بغیر کسی سفارش کے غریب عوام کو مفت،معیاری علاج فراہم کرنے میں مصروف عمل،امراض قلب میں مبتلا تشویشناک حالت میں داخل ہونے والے مریضوں کیلئے وینٹیلیٹر کی سہولت بھی موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق این آئی سی وی ڈی سیہون سینٹر تین سال قبل قائم کیا گیا تھا اس مرکز میں دل کے مریضوں کو مہنگا اور معیاری علاج بلکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ سیہون سینٹر کے قیام سے قبل امراضِ قلب کے مریض ایمرجنسی کی صورت میں سینکڑوں کلومیٹر مسافت طے کر کے حیدرآباد جاتے تھے،لمبی مسافت کی وجہ سے بہت سارے دل کے مریض راستے میں ہی فوت ہو جاتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت این آئی سی وی ڈی سیہون میں روزانہ 80 سے 100 دل کے مریض داخل ہوتے ہیں،ہسپتال کی ایمرجنسی چھ بستروں پر،سی سی یو چھ بستروں پر،فیمیل وارڈ 12 بستر،مردانہ وارڈ 12 بستروں پر مشتمل ہے جبکہ ہسپتال میں اینجییو گرافی،اینجیوپلاسٹی،ایکو کارڈیو گرافی اور دیگر سہولیات مریضوں کو 24 گھنٹے مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

این آئی سی وی ڈی سیہون کے ترجمان کے مطابق سینٹر میں تشویشناک حالت میں داخل ہونے والے مریضوں کیلئے خصوصی طور پر وینٹیلیٹر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق این آئی سی وی ڈی سیہون میں اب تک 62245 دل کے مریضوں کو بالکل مفت علاج فراہم کیا گیا ہے۔ ایمرجنسی میں 14084،او پی ڈی میں 18691 مریضوں کو علاج فراہم کیا گیا،جبکہ 5793 مرد مریض اور 2565 خواتین مریضوں کو داخل کیا گیا،5899 دل کے مریضوں کے آپریشن مفت کئے گئے۔ یاد رہے این آئی سی وی ڈی سیہون میں پرائمری اینجییو پلاسٹی ( PCI) 1845،ارلی انویسو انٹروینشن 1498،اینجیوگرافی 608،دل کے پیس میکر ( TPM)148 اور 15 اینجییو پلاسٹی کے کیس کامیابی سے کئے گئے۔