گوادر: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں پورے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے منصوبہ جات شروع کئے گئے ہیں ماضی میں جب کوئی ترقیاتی منصوبہ صوبے کو دیا گیا تو وفاق اور صوبے کے مابین مشاورتی عمل کو نظر انداز کیا گیا لیکن اس بار وفاقی پی ایس ڈی پی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل ہیں وہ تمام ترقیاتی اسکیمات جو صوبے کی عوام کی ضروریات اور سہولیات کو پورا کرتی ہو ان کو کو ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ گوادر کے موقع پر گوادر نارتھ فری زون کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی، وفاقی اور صوبائی وزراء، پارلیمنٹیرینز، مختلف ممالک کے سفیروں، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ اور سرمایہ کاروں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم صرف میگاپروجیکٹس ہی نہیں بلکہ گوادر شہر کے عوام کی سہولیات کو پورا کرنے کے لیے بھی منصوبے لا رہے ہیں۔ گوادر میں صوبائی ترقیاتی پروگرام کے ذریعے اسکول،کالجز، ہسپتال، خصوصی بچوں کے لیے اکیڈمی،منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی مرکز اور وومن بزنس انکیوبیشن مراکز سمیت کئی دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں وزیراعلی نے کہا کہ گوادر شہر سے متعلق ایک غلط تاثر پایا جاتا ہے کہ اس شہر میں بنیادی ضروریات اور سہولیات کا فقدان ہے ان تمام غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے ضروری ہے.
کہ لوگوں کو بتایا جائے کے پچھلے تین سالوں سے گوادر شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کون کون سے منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور ان سب باتوں کا مقصد یہ ہے کہ گوادر شہر میں صرف بندرگاہ اور ائرپورٹ ہی نہیں بلکہ گوادر شہر کی مقامی کمیونٹی کے ضروریات کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے پلاننگ کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بلوچستان کے لئے وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں جو ترقیاتی اسکیمات اور منصوبے شامل کی گئی ہیں ان میں گوادر ایسٹ کے کی تعمیر، ماہی گیروں کی سہولیات کے لیے تین پلوں کی تعمیر، شادی کور ڈیم،سوڈڈیم اور آکڑا ڈیم کے ذریعے 180 کلو میٹر پانی کی پائپ لائن سے شہر کو فراہمی آب کا منصوبہ، ڈی سیلینیشن پلانٹ کا منصوبہ،گوادر ہسپتال کی توسیع اور آئندہ گوادر شہر میں یونیورسٹی تعمیر ایسے منصوبے ہیں.
جو یقینا اس شہر کی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے گزشتہ ادوار کے کئی ترقیاتی منصوبے پائے تکمیل تک پہنچائے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ اس بار وفاقی پی ایس ڈی پی میں تمام بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے منصوبے شامل کیے گئے ہیں ویسٹرن کوریڈور پر کام کا آغاز، زیارت کراس تا زیارت تا سنجاوی روڈ اور چمن تا کوئٹہ کوئٹہ تا کراچی دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ ایسے منصوبے ہیں جو عام منصوبے نہیں بلکہ بہت بڑے منصوبے ہیں.
جس سے یقینا صوبے میں تبدیلی اور خوشحالی آئے گی وزیراعلی نے کہا کہ ہمارے ہر ترقیاتی منصوبے کے پیچھے ایک ٹھوس وجہ ہے بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں کی ضروریات اور سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی اسکیمات صوبے بھر کے طول و عرض میں شروع کی گئی ہے وزیر اعلی نے تقریب میں موجود سرمایہ کاروں سے اپیل کی کہ بلوچستان اور خصوصا گوادر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور جتنا گوادر پر اعتماد بڑھے گا اتنا ہی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔وزیر اعلی نے اس موقع پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ، اور تقریب میں موجود غیر ملکی سفیروں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ہمراہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے گوادر میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا.