تربت: تربت سمیت مکران میں بجلی کا سنگین بحران، حکومت عوام سے لاتعلق ہوگیا۔ رواں ہفتے سے تربت سمیت مکران میں بجلی کا سب سے بڑا بحران جنم لے چکا ہے جس کے سبب مکران کے تینوں اضلاع کیچ، گوادر اور پنجگور مسلسل تاریکی میں ڑوبے ہوئے ہیں، واضح رہے کہ مکران کو جیکی گور گریڈ اسٹیشن کے زریعے ایران سے 70 میگاواٹ بجلی فراہم کیا جاتا رہا ہے تاہم رواں ہفتے کو ایران نے داخلی بحران کے سبب مکران کو سپلائی کی جارہی بجلی منقطع کردی جس کے دو دن بعد صرف 8 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری رکھی۔
کیسکو حکام کے مطابق 8 میگاواٹ مکران ڈویڑن کے لیے بہت کم ہے جس سے بجلی کی کمی کو اس وقت تک پورا پورا نہیں کیا جاسکتا ہے جب تک دوبارہ ایران سابقہ میگاواٹ کی فراہمی بحال نہ کرادے۔ مکران میں بجلی کی بد تریں بحران کے حل کے لیے مکران ڈویڑن اور ضلع کیچ سے منتخب عوامی نمائندوں سمیت صوبائی حکومت مکمل لاتعلق ہوگئی ہے اور موجودہ بحران پر قابو پانے کے لیے اب تک کوئی منصوبہ بندی نہیں کی جاسکی نا ہی متبادل زرائع تلاش کیے جاسکے۔
یاد رہے کہ ایران سے بجلی فراہمی سے قبل مکران کو پہلے پسنی اور بعد ازاں پنجگور گریڈ اسٹیشن سے بجلی سپلائی کیا جاتا رہا تاہم ایران سے معائدہ کے بعد دونوں گریڈ اسٹیشن بند کردیے گئے جو اب نہ صرف غیر فعال بلکہ مکمل ناکارہ بن گئے ہیں۔ غیر سرکاری زرائع کے مطابق ایران سے بجلی سپلائی اس مہینے کے آخر تک ممکن نہیں ہوسکے گی جبکہ حکومت اور عوامی نمائندوں نے اپنے آپ کو اس بدتریں بحران سے مکمل لاتعلق اور الگ کررکھا ہے۔