کابل: افغانستان میں امریکی سفارتخانے نے ملک میں موجود تمام غیرملکی مشن کی جانب سے بیان جاری کیا ہے۔امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ افغانستان میں جاری پرتشددکارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، طالبان تشددکا سلسلہ فوری روکیں، طالبان کی پر تشددکارروائیاں پر امن سیاسی حل اور عوام کیلئے نقصان دہ ہیں۔
امریکی سفارتخانے کا کہنا ہےکہ طالبان کی پرتشددکارروائیاں ان کے پرامن حل کے حامی ہونےکے دعوے سے متصادم ہیں، طالبان کی پرتشدد کارروائیاں دوحہ امن عمل کے بھی خلاف ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے بیان میں مزید کہا گیاکہ طالبان کے زیرقبضہ علاقوں میں خواتین کےحقوق کچلنےکی معتبر اطلاعات ہیں، ان علاقوں میں میڈیا آرگنائزیشنز بند کرنےکی بھی اطلاعات ہیں۔
بیان کے مطابق افغانستان میں امن میں پیشرفت فریقین کے مل کر کام کرنے سے ہی برقرار رہ سکتی ہے، طالبان اور تمام فریقین فوری طورپرتشدد روکیں اور فریقین مستقل، جامع جنگ بندی پر متفق ہوں۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ طالبان اور تمام فریقین مکمل طورپر امن مذاکرات میں مشغول ہوں، فریقین جامع سیاسی تصفیے پر رضامند ہوں اور افغانستان کو دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے بچانا یقینی بنائیں جب کہ طالبان عیدالاضحیٰ پرہتھیار رکھ کر امن عمل کیلئے اپنے عزم کا اظہارکریں۔