کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے پاکستان کی وزیر اعظم بننے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
پاکستان کی معروف اداکارہ اور تمغہ امتیاز کی حامل مہوش حیات نے اپنے ایک انٹرویو میں وزیر اعظم بننے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک کرکٹر ملک کا وزیر اعظم بن سکتا ہے تو ایک اداکارہ کیوں نہیں بن سکتی۔
مہوش حیات نے کہا کہ مجھے سیاست میں بہت دلچسپی ہوگئی ہے۔ میرا ارادہ ملک میں بہتری لانے کا ہے اب وہ پارلیمانی طریقے سے آتی ہے یا اپنی پارٹی بنانے سے آتی ہے یہ تو وقت بتائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاست سے اس لیے متاثر ہوں کیونکہ وہ نہ صرف کافی تبدیلی لائے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک نئی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔
اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ میں عمران خان کو چیلنج نہیں کر رہی لیکن آگے جا کر ان کی جگہ کسی نے تو لینی ہے تو میں بھی وزیر اعظم کی امیدوار بن سکتی ہوں۔