گوادر: نااہل حکومت کی غلط پالیسوں نے گوادر سمیت مکران کو میدانِ جنگ بنا دیا ہے۔ مقامی لوگوں کو حقوق دیے بغیر ترقی کے دعوے شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکیں گے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقع کا ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی. بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ایم پی اے گوادر میرحمل کلمتی نے شہرمیں بلاوجہ بجلی بریک ڈاؤن اور پانی کی قلت پر عوامی احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کے لوگوں کو تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم کرکے حکومت یہاں ترقی خوشحالی کے دعوے کررہی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ بحیثیت ایم پی اے میں نے بارہا اسمبلی میں دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ جب تک گوادر کے لوگوں کو پانی بجلی اور بنیادی سہولیات میسر نہیں کی جائینگے تب تک یہاں ترقی کا پہیہ نہیں چل سکتا۔بلاوجہ لوڈشیڈنگ سے لوگوں کا جینا محال ہوگیا ہے جبکہ لوگ گٹر کا پانی پینے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ حکومت ایک اسٹیڈیم اور چندکلومیٹر سڑک دنیا کو دکھا کر اسے ترقی و خوشحالی کا نام دے رہی ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
اربابِ اختیار کی غلط پالیسوں کی وجہ سے آج گوادر سمیت پورا مکران میدان جنگ بن چکا ہے۔گرمی اور پیاس کے ستائے ہوئے لوگ مجبور ہوکر اپنے گھروں سے نکل آئے ہیں جو کسی بھی وقت ناخوشگوار واقع پیدا ہوسکتی ہے۔انھوں نے اپنے حقوق اور بنیادی سہولیات کیلئے عوامی احتجاج کا حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیثیت ضلع کا نمائندہ اپنے عوام کا ساتھ ہوں اور ہر فورم پر گوادر کے حقوق کیلئے جمہوری جنگ لڑتا رہوں گا۔