|

وقتِ اشاعت :   July 31 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ بلوچستان حکومت میں مکران،نصیر آباد ڈویژن کے لوگ پانی کو ترس رہے ہیں، بلوچستان اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں عوامی حمایت اور تائید سے محروم اقتدار نشینوں کا محاسبہ کریں گے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مکران اور نصیر آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے طلباء کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ مکران اور نصیر آباد ڈویژن میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ہونے والا عوامی احتجاج حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے بلوچستان پر مسلط سلیکٹڈ حکومت کو بلوچستان کے لوگوں سے نہیں اپنی ذات سے غرض ہے انہیں حکومت بلوچستان کی حقیقی سیاسی قیادت کیخلاف مسلسل ہرزا سرائی کرنے کیلئے دی گئی ہے۔

اس مقصد کیلئے وہ تمام تر ریاستی مشینری اور وسائل استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکران اور نصیر آباد ڈویژ ن اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ایسے میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے نوجوان مجبور ہوکر کوئٹہ آکر بنیادی مسائل بجلی اور پانی کیلئے احتجاج کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بے حس حکومت سے عوام کو پانی اور بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ نہیں کریں گے بلکہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے ان کا محاسبہ کریں گے۔