|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2021

کوئٹہ : دعوت اسلامی نے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کا عزم کیا ہوا ہے اور اس سلسلے میں فیضان گوبل ریلیف فاونڈیشن (ایف جی آر ایف) کے تحت اب تک لاکھوں پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ ’’پودا لگانا ہے اور درخت بنانا ہے‘‘ کے سلوگن کے ساتھ دعوت اسلامی کے شعبہ ایف جی آر ایف نے گذشتہ روز ملک گیر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے، اس مہم میں 20 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

جس کی تکمیل کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں‘ اب تک 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں۔ اسی سلسلے میں دعوت اسلامی بلوچستان کے تحت کوئٹہ پریس کلب میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر پریس کلب عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری و دیگر عہدیداران اور ممبران نے پریس کلب میں مختلف مقامات پر پودے لگائے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر پریس کلب عبدالخالق رند نے کہا کہ پودے لگانا سنت رسول اور کار ثواب ہے‘درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے جسکے اثرات مدتوں برقرار رہتے ہیں، طلبہ کو بھی شجر کاری مہم میں حصہ لیکر قومی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ درخت خود دھوپ جھیلتے ہیں اور دوسروں کوسایہ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری کر کے آئندہ آنے والی نسل کے مستقبل کو محفوظ اور بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

ماحولیات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی بقاء کیلئے شجر کاری کی اہمت مسلمہ ہے۔ شجرکاری صحت پر بھی اچھے اثرات ڈالتی ہے۔ درخت انسانی بقا ء کیلئے بیحد اہم ہیں، کرہ ارض پر آلودگی کے باعث ماحول میں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جن کیلئے درخت لگانے کی اہمیت دوچند ہو چکی ہے لہٰذا ہمیں بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لینا چاہئے۔ اسی طرح لسبیلہ، گوادر، خضدار‘ ڈیرہ الٰہ یار و دیگر شہروں میں بھی شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے گئے۔