تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں ضلع کیچ میں 8 اگست تک مکمل لاک ڈاؤن اور کیسکو کے خلاف آپسر کے عوامی احتجاج کے بعد درج ایف آئی آر واپس لینے کا فیصلہ، اجلاس میں آل پارٹیز کیچ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے، تربت سول سوسائٹی، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، انجمن تاجران، بارڈر ٹریڈ یونین، سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ضلع کیچ میں کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ گھمبیر صورت حال میں لاک ڈاؤن کے اثرات، کیسکو افسران کے خلاف عوامی شکایات اور بلنگ ریکوری سمیت ایرانی بارڈر پر کاروبار کی بندش کے۔
سبب پیدا شدہ حالات پر ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ کی زیر صدارت پیر کی شام منعقد ہوا جس میں کمانڈٹ مکران اسکاؤٹس کرنل اظہر، اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر محمد یوسف، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر ملوک جان، چیف آفیسر تربت افضل شہزادہ، آل پارٹیز کیچ کے کنوینر نصیر گچکی، ایس ای کیسکو مکران سرکل ریاض پٹھان، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر فضل خالق، ڈی ایس پی لیگل لال جان بلوچ، انجمن تاجران کے قائم مقام صدر نثار آدم جوسکی، تربت سول سوسائٹی کے۔
کنوینر گلزار دوست، کیچ سول سوسائٹی کے کنوینر التاز سخی، بارڈر ٹریڈ یونین کے نمائندوں سمت سیاسی و سماجی رہنماؤں اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پندرہ روزہ لاک ڈاؤن کے باعث کرونا وائرس کے مثبت کیسز پر بریفنگ دیتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر محمد یوسف نے کہا کہ پورے ضلع سے جمع شدہ ڈیٹا کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران کافی حد تک کیسز کم ہوئے البتہ آج مثبت کیسز کی شرح بیالیس فیصد رہی جو پورے لاک ڈاؤن کے دوران سب سے زیادہ ریشو ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ کی تجویز پر اجلاس کی اکثریت نے مذید لاک ڈاؤن کے حق میں فیصلہ دیا تاہم انجمن تاجران کی طرف سے مذید لاک ڈاؤن کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا اس سے عام تاجر اور دیہاڑی دار مزدور طبقہ سخت متاثر ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے پاس لاک ڈاؤن کے منفی اثرات کم رکنے کی منصوبہ بندی نہیں ہے ایسے میں لاک ڈاؤن شدید منفی اثرات کا سبب بنے گا کیوں کہ بازار میں رش پہلے کی طرح برقرار اور ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہورہا اسی طرح ہسپتالوں میں بھی بہت زیادہ رش رہتا ہےؕ
جس کی روک تھام کے لیے کوئی مکینزم نہیں ہے، تاہم اس تجویز پر 8 اگست تک مکمل اور سخت لاک ڈاؤن پر اتفاق کیا گیا کہ پولیس اور لیویز کی مدد سے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا،8 اگست کے بعد حالات دیکھ کر سمارٹ یا شیڈولڈ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے، اجلاس میں کیسکو کے ایجنڈے پر گرما گرم بحث کیا گیا، آل پارٹیز کیچ کے کنوینر نصیر گچکی نے سخت موقف اپناتے ہوئے ایس ای کیسکو کی ڈویڑن بدری اور آپسر میں پر امن احتجاج کے دوران شہریوں کے خلاف درج ایف آئی اے آر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز ایس ای کیسکو کو پورے ڈویڑن کی امن کے لیے نیک شگون نہیں سمجھتی ان کی موجودگی میں امن و امان میں بگاڑ کا اندیشہ ہے اس لیے اسے فورا ٹرانسفر کرکے شہریوں کے خلاف ایف آئی آر واپس لی جائے، اس دوران مختلف سماجی تنظیموں، انجمن تاجران اور دیگر شخصیات نے بھی آل پارٹیز کے موقف کی حمایت کی اور موقف اختیار کیا کہ ایس ای کیسکو کا رویہ صارفین کے ساتھ نہ صرف دوستانہ نہیں بلکہ وہ جان بوجھ کر لوگوں کو ستاتا ہے، ان کی حرکتوں سے ضلع کیچ ہی نہیں پوری ڈویڑن میں حالات انتشار اور بد امنی کی جانب جارہے ہی۔
ان کے خلاف کیچ کے مختلف علاقوں میں اور ضلع گوادر میں بھی احتجاج ریکارڈ ہوئے ہیں، شہریوں پر درج ایف آئی آر کے خلاف آپسر میں عوام ایک دفعہ پھر مشتعل ہورہے ہیں اور انہوں نے اجتماعی گرفتاریوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ اس موقع پر ایس ای کیسکو ریاض پٹھان نے کیسکو کی صورت حال اور صارفین کی شکایت پر اجلاس کو برہفنگ بھی دی۔ اجلاس میں ایرانی سرحد کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پابندیاں ایران کی طرف سے چاہ بہار اور دیگر علاقوں میں کرونا پھیلنے کی وجہ سے عائد کردی گئی ہیں۔
ہماری ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت ہورہی ہے جونہی وہاں کرونا کم ہوگی ضلع کیچ سے متصل بارڈر پوائنٹس تجارت کے لیے کھولے جائیں گے، تاہم. بارڈر ٹریڈ یونین کی طرف سے ٹوکن سسٹم اور دیگر معاملات کی. نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا منظور نظر گاڈیاں اب بھی بارڈر پر ایرانی تیل کی ترسیل کررہی ہیں جبکہ پابندیوں کے شکار صرف عام گاڈی والے ہیں، اس پر بارڈر ٹریڈ یونین اور ایف سی حکام کے درمیان آج ملاقات فیکس کی گئی جہاں بارڈر کے حوالے سے نقات پر بات چیت کی جائے گی۔