کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجونے واشک زلزلے کے متاثرین کو معاوضوں کی فوری ادائیگی کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق دار کو اس کا حق ہر صورت پہنچنا چاہئے یہ ہدایت انہوںنے واشک زلزلے کے متاثرین سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر کی جس پر متعلقہ حکام نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کو معاوضوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں ماشکیل سے رکن صوبائی اسمبلی میر زابد ریکی نے نکتہ اعتراض پر اس معاملے کو اٹھایا تھا جس کے بعد سپیکر نے ڈپٹی کمشنر واشک اور پی ڈی ایم اے حکام کو بریفنگ کے لئے بلایا تھا۔
جمعہ کے روز سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاء اللہ لانگو ، وزیر سماجی بہبود اسداللہ بلوچ ، اراکین اسمبلی میر زابد علی ریکی ، میر حمل کلمتی ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیرناصر ، ڈپٹی کمشنر واشک شفقت انور شاہوانی ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واشک زلزلے کے بعد صوبائی حکومت نے متاثرین کی امداد وبحالی کے لئے فنڈز مختص کئے پی ڈی ایم اے نے امداد وبحالی کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا تاہم متاثرین کو متعلقہ انتظامیہ کے بروقت اقدامات نہ اٹھانے سے معاوضے نہیں ملے۔ جس پر ڈی سی واشک نے بتایا کہ انفرادی لسٹ موصول نہ ہونے کی وجہ سے تاحال فنڈز ریلیز نہیں کئے۔
جاسکے انفرادی فہرست موصول ہونے کے بعد معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا جس پر سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو نے انہیں ہدایت کی کہ حقدار تک اس کا حق پہنچنا چاہئے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے جو کمزوریاں پہلے ہوئیں وہ اب نہ دہرائی جائیں اور فوری طور پر فہرست مرتب کرکے متاثرین کو معاوضوں کی ادئیگی یقینی بنائی جائے۔