|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2021

کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس نے کوئٹہ میں وی آئی پی موومنٹ کے دوران شہریوں کی تکلیف و پریشانی کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئیجی پولیس بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ وی آئی پی روٹس کم سے کم لگائے جائیں تاکہ عوام کو زحمت اور پریشانی سے بچایا جاسکے۔ آئے روز لگنے والے وی آئی پی روٹس کی وجہ سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں۔

اور عوام بدظن ہورہے ہیں اس کا تدارک کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے آئی جی پولیس بلوچستان رائے طاہر سے دوران ملاقات بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جمعہ کے روز انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان رائے طاہر نے سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ سپیکر نے کوئٹہ شہر میںوی آئی پی موومنٹ اور لگنے والے وی آئی پی روٹس پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے۔

کہا کہ اس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے انہوںنے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ کوئٹہ میں وی آئی پی موومنٹ کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے وی آئی پی روٹ کم سے کم لگایا جائے تاکہ عوام کو زحمت کا سامنا نہ ہو جس پر آئی جی نے انہیں ضروری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔

آئی جی پولیس نے دوران ملاقات پنجگو ر میں کم سن بچے کے قتل اور کوئٹہ میں رکن اسمبلی نصراللہ زیرئے کے بیٹے کے اغواء کے واقعے سے متعلق سپیکر کو بریفنگ دیتے ہوئے ہوئے بتایا کہ کم سن بچے کے قاتلوں اور رکن اسمبلی کے بیٹے کے اغواء میں ملوث عناصر کو گرفتا ر کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سپیکر نے ہدایت کی کہ کم سن بچے عبدالقدیر کا اغواء اور قتل افسوسناک ہے اسی طرح رکن اسمبلی نصراللہ زیرئے کے بیٹے کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ہے وہ بھی انتہائی افسوسناک ہے ان واقعات میں جو بھی عناصر ملوث ہوں انہیں پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اور قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کوایسی جرات نہ ہو۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو اور پنجگور سے رکن اسمبلی ، صوبائی وزیر سماجی بہبود میر اسد بلوچ بھی موجود تھے۔